30 اکتوبر ، 2016
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پورے ملک سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد بند کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں،میرا نہیں عدلیہ کا ٹرائل ہورہا ہے بلکہ عدلیہ کی کریڈیبلٹی داؤ پر لگی ہے ۔
بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نےکل اسلام آباد ہائیکورٹ نہ جانے اور منگل کو سپریم کورٹ جانے کا اعلان بھی کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس لوگوں کو آنے سے روک رہی ہے، لوگوں کو پکڑ کے جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، میں پوچھتا ہوں یہ کونسی جمہوریت ہے کہ آپ لوگوں کو بند کریں ،جیلوں میں ڈالیں۔ کارکن ہر حال میں بنی گالہ پہنچیں، خواہ وہ پہاڑی پر چڑھ کر آئیں ۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بکرے کی قربانی چاہیے، سیالکوٹ کا رنگ باز دم دبا کر بھاگا ، باقی درباری بھی بھاگنے کیلئے پرتول رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کےبیان پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب گیڈرکی موت آتی ہے توشہرکی طرف بھاگتا ہے۔
انہوںنےکہا کہ لوگوں کو اسلام آباد آنے سے روکا جارہا ہے، کس قانون کے تحت سڑکیں بند کی گئی ہیں؟ راستے بندکرنا توہین عدالت ہے۔کیا پختونخوا کی پولیس نے نوازشریف کو جلسہ کرنے سے روکا تھا؟ مشرف کی آمریت اور موجودہ جمہوریت میں کیا فرق ہے،وزیراعظم قوم کو جوابدہ ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پرویزرشیدکو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے، قوم وزیر اطلاعات کی قربانی سے مطمئن نہیں ہوگی۔