21 جون ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ق کے رہنماء اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ریلیف حلیم عادل شیخ نے الزام لگایا ہے کہ شہباز شریف بال ٹھاکرے اور شیوسینا کی سیاست کر رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں خواتین ارکان کے ساتھ سلوک کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ایک پرامن اور نظریاتی جماعت ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی دہشت گردی کی بنیاد نواز لیگ نے رکھ ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ غنڈہ گردی کے ذریعے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا خواب چھوڑ دے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہٹلر بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ن لیگ چادر اور چار دیواری کا تقدس قائم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ بدسلوکی کر کے انہوں نے اپنی اصل سیاست کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے تحت کل سے سندھ بھر میں پنجاب اسمبلی کے واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کئے جائیں گے۔