21 جون ، 2012
کوئٹہ … ضلع واشک کے علاقے ناگ میں نامعلوم افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 2 اہلکاروں کو جاں بحق جبکہ ایک کو زخمی کردیا، حملہ آور اسلحہ اور وائریس سیٹ لے کر فرار ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار 4 مسلح افراد نے واشک کی تحصیل ناگ کی لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 لیویز اہلکار محمد نصیر اور محمد یوسف موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اہلکار نظام الدین زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور لیویز اہلکاروں کا اسلحہ اور وائر لیس سیٹ بھی لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔