09 نومبر ، 2016
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ٹرمپ ہیڈکوارٹر میں اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں پورے امریکا کا صدر ہوں، متحد ہوکر امریکا کے خواب پورے کریں گے۔
صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعدڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ہیلری کلنٹن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فون کرکے ہمیں مبارکباد دی ہے۔ ہیلری نے ملک کے لیے اہم خدمات انجام دیں، انہوں نے سخت مقابلہ کیا ،میں اپنے ڈیموکریٹ ساتھیوں سے کہوں گا کہ وہ امریکا کے لیے متحد ہوجائیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ متحد ہوکر امریکا کے خواب پورے کریں گے، بلارنگ، نسل و مذہب امریکیوں کی خدمت کریں گے۔امریکا میں نئے تعمیراتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ری پبلیکن،ڈیموکریٹس سمیت سب کو کہوں گا کہ امریکا کے لیے متحد ہوجائیں،عوام کی حمایت اور رائے کے ساتھ کام کریں گے،پچھلے 18 ماہ سے جاری مہم انتخابی مہم نہیں تحریک تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی خواب کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا، سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔