پاکستان
22 جون ، 2012

پاکستان کے ساتھ تعلقات امریکہ کے مفاد میں ہے، ہلیری کلنٹن

واشنگٹن … امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا اور پاکستان سے تعاون امریکہ کے مفاد میں ہے جبکہ جنوبی ایشیا کے اس اہم ملک کے ساتھ تعلقات کو درپیش چیلنجز کا جزوی طور پر امریکہ خود ذمہ دار ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی ٹی وی شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس شو میں شرکت کرنے والے سابق امریکی وزیر خارجہ جیمز بیکر جوکہ 1989ء سے لے کر 1992ء تک وزیر خارجہ رہے ہیں، نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا خود امریکہ کے اپنے مفاد میں ہے۔ اس موقع پر ہلیری کلنٹن نے جیمز بیکر کی رائے سے متفق ہوتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات توڑنا امریکہ کے مفاد میں نہیں ہے بلکہ پاکستان کے ساتھ براہ راست تعلقات کو برقرار رکھنا ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔ ہلیری کلنٹن نے پروگرام کے دوران اعتراف کیا کہ میرے خیال میں پاکستان کے ساتھ تعلقات طویل عرصہ تک امریکہ کیلئے چیلنج ہوں گے اور ان تعلقات کو چیلنجنگ بنانے میں کچھ کردار خود امریکہ کا بھی ہے۔ اس ضمن میں ہلیری کلنٹن نے 1979ء میں روسی یلغار کے خلاف افغان مجاہدین کی امداد کا حوالہ بھی دیا۔

مزید خبریں :