22 جون ، 2012
حیدر آباد … سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو پوری دنیا مسٹر 10 پرسنٹ سمجھتی ہے، جنہوں نے راجا رینٹل کو ووٹ دیا انہوں نے خود کو بیچا، کرپشن کرنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیں گے، احتساب خود سے شروع کریں گے، نیا نظام لا کرطاقتور سے ٹیکس لیں گے۔ حیدر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ طاقتور کو قانون کے نیچے لے کر آئی، تحریک انصاف نیا نظام لائے گی، میں اس نظام کو ختم کرنے کیلئے حیدرآباد کے عوام کے پاس آیا ہوں، پی ٹی آئی نے سیاسی مافیا کو بھی شکست دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف طاقتور سے ٹیکس لے کر دکھائے گی، پیسے والوں سے ٹیکس نہ لیا گیا تو غریب عوام ٹیکس دیتے رہیں گے۔ عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو پوری دنیا مسٹر 10 پرسنٹ سمجھتی تھی اور وہ سب کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، اسمبلی کا ایک منٹ کا خرچہ 66 ہزار روپے عوام کی جیب سے نکلتا ہے، اراکین قومی اسمبلی منتخب ہوکر خود کو پیسے کیلئے نیلام کردیتا ہے، عوام کی بھی بولی لگتی ہے، اسے خریدا جاتا ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کو کوئی نہیں خرید سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ جنہوں نے راجا رینٹل کو ووٹ دیا انہوں نے اپنے آپ کو بیچا، ظالم اکھٹے ہیں، راجا رینٹل کو ووٹ دینے والے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تقسیم کرکے ظالم فائدہ اٹھاتا ہے، مظلوم عوام سندھ کے ہیں، سب سے زیادہ ظلم سندھ کے عوام کے ساتھ ہوا، پاکستان کے طاقتور غریب عوام کے پیسوں پر علاج کرانے باہر جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی وڈیرا الیکشن نہیں لڑسکے گا، کرپشن کرنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیں گے، احتساب خود سے شروع کریں گے، نواز شریف 90 سال میں کرپشن ختم نہیں کرسکتے ہم 9 دن میں ختم کردیں گے۔