15 نومبر ، 2016
بولی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ فلم’’ دنگل‘‘ میں شامل بچوں نے ان سے10گنا بہتر اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا ۔ا نہوں نے کہا کہ اپنی نئی آنے والی فلم دنگل میں بچوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ فلم میں اگر اداکاری کے حوالے سے بات کی جائے تو فلم میں موجود تمام بچوں نے مجھ سے 10 گنا زیادہ بہتر اداکاری کی اور اس بات کو ناظرین فلم دیکھنے کے بعد ضرور سمجھ جائیں گے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ 25 سال سے فلم میں کام کررہا ہوں لیکن فلم دنگل میں شامل بچوں نے بہت زبردست کام کیا اور وہ مجھ سے بہت زیادہ باصلاحیت ہیں۔
واضح رہے کہ فلم دنگل 23 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جب کہ بولی وڈ اداکار عامر خان کی نئی آنے والی فلم دنگل کا بڑی شدت سے انتظار کیا جارہا ہے اور فلم کے ٹریلیر نے بھی سوشل میڈیا پر تاریخ رقم کردی ہے۔