پاکستان
28 نومبر ، 2016

اکبر بگٹی قتل کیس،مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری

اکبر بگٹی قتل کیس،مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری

 

بلوچستان ہائیکورٹ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں نواب اکبر بگٹی کیس کی سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ظہیرالدین کاکڑ پرمشتمل بنچ نے کی،کیس میں نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نےسابق صدر مشرف و دیگر ملزمان کی بریت کو چیلنج کیاتھا،ہائیکورٹ نے سماعت کےبعد سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

ہائی کورٹ نے آئی جی،سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام کو سابق صدر کو ان کی آمد پر سکیورٹی فراہم کرنےکی بھی ہدایت کی،اس سے قبل عدالت کےریمارکس تھے کہ پرویز مشرف یہاں آکر تسلیم کر لیں، بلوچستانی بہت فراخ دل ہیں، معاف کر دینگے۔

عدالت کے یہ بھی ریمارکس تھے کہ کیس کےمرکزی ملزم کو متعدد نوٹسز بھجوائیں ہیں وہ پیش نہیں ہوئے،اس دوران وکیل پرویز مشرف اخترشاہ کا کہناتھا کہ ان کا موکل مفرورکی تعریف پر پورا نہیں اترتا،اس پر عدالت کے ریمارکس تھے کہ آپ ہمت کریں مشرف کے آنے کی یقین دہانی کرائیں۔

پرویزمشرف کے آنے کی تاریخ اور سیکورٹی آپ کی مرضی کی ہوگی،اس پر اختر شاہ نے کہا کہ مجھے ایک ہفتے کی ملت دیں ،میں اپنے موکل سے پوچھ لوں کہ وہ کب آ سکتے ہیں،اس پر عدالت نے کہا کہ ہم وکلاء کا احترام کرتے ہیں اس لئے آپ کو مہلت دی گئی ہے۔

بعد میں عدالت نے حکم دیا کہ پرویز مشرف کےوکلاء جب تحریری طور پر لکھیں تب ان کی سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں،بعد میں کیس کی سماعت 21 دسمبر تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں :