پاکستان
31 جنوری ، 2012

اقتصادی رابطہ کمیٹی کافیصلہ ،ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت

اقتصادی رابطہ کمیٹی کافیصلہ ،ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت

اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں چینی کے وافر ذخائر ہونے کی وجہ سے ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جبکہ مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کے معاملے پر خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔اسلام آباد میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ملک میں چینی کی زائد تیاری کے باعث اضافی چینی کو برآمد کردیا جائے، اجلاس میں ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کے لیے وزیر ٹیکسٹائل مخدوم شہاب الدین کی زیر صدارت کمیٹی قائم کردی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں چینی کی سالانہ ضرورت 42 لاکھ ٹن ہے جبکہ 9 لاکھ ٹن گزشتہ سال کا اسٹاک ہے اور ا س سال 6 لاکھ ٹن چینی ضرورت سے زائد حاصل ہوگی۔ کپاس کی 10 لاکھ گانٹھیں خریدنے کا فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا۔ اجلاس میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان ڈیڑھ سو کلو گرام والی گانٹھ ساڑھے چھ ہزار روپے میں خریدے۔ تاہم یہ فیصلہ آیندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا۔پن بجلی کے صارفین پر بجلی کے جنر ل سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی آیندہ اجلاس تک ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں :