18 دسمبر ، 2016
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پربات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ خطےمیں امن واستحکام کیلئے دونوں ممالک کا کرداراہم ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےدورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات پربات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ولی عہد اورسعودی وزیرخارجہ بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے دوستانہ تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں بدلنے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں امن و استحکام چاہتا ہے، پاکستان میں امن واستحکام کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، شدت پسندی کے محرکات کے خاتمے کیلئے موثرطریقہ کار اپنانا ہوگا۔ ملاقاتوں میں شدت پسندی کےخاتمے کیلئے زیادہ قوت کے ساتھ کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی جغرافیائی سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل عبدالرحمان بن صالح نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی امور ، خطے کی سیکورٹی پر بات چیت اور دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔