26 دسمبر ، 2016
سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ صفورا کے ملزمان کی بریت کے باوجود رہا نہ کرنے سے متعلق دائر درخواست پر آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ کو فوری طلب کرلیا۔
درخواست کی سماعت کے دوران سانحہ صفورہ کے الزام میں گرفتار ملزم سلطان قمر اور نعیم ساجد سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے،دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کو کیسے ابھی تک جیل میں رکھا ہوا ہے ؟تمام دستاویزات عدالت میں پیش کی جائیں۔
عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر دستاویزات پیش نہ کی گئیں تو ذمے داروں پر 10ہزار روپے روزانہ جرمانہ عائد کیا اور ملزمان کو رہا کرنے کا حکم بھی دے دیا جائے گا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمان کو ملٹری ٹرائل کورٹ نے بری کردیا لیکن تاحال انہیں رہا نہیں کیاگیا۔