26 دسمبر ، 2016
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چور آج کا ہو یا کل کا احتساب سب کا ہونا چاہئے ، حکومت پاناماکی دلدل میں پھنس چکی ، نکلنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے ۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دن گزرنے کے ساتھ حکومت کے خاتمے کے دن بھی قریب آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے سی پیک کو شکوک و شبہات کے اندھیروں سے نکالے ۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت چھوٹے صوبوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے منصوبے کی شفافیت یقینی بنائے اور سی پیک منصوبے کے لیے مقامی آبادی کو آبائی علاقوں سے بے دخل کرنے کے اقدامات قبول نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کے مچھیروں سے ان کا روز گار چھینا جارہا ہے ، بلوچوں کو دیوار سے لگانے کے بجائے انہیں سینے سے لگانے کی ضرورت ہے ۔