03 جنوری ، 2017
مسلم لیگ ن کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پیش کردہ ثبوتوں پر ردعمل سامنے آیا ہے،ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جب سے پاناما کیس ملتوی ہوا ہےعمران خان عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عمران خان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانی کہانی فیل ہوگئی تو آج نئی کہانی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ثبوت غیر مصدقہ ہیں، وہ ڈکٹیٹ کرنے اور عدالت کو دباؤ میں لانےکی کوشش کر رہے ہیں، جب عدالت ثبوت مانگتی ہے تو وہاں کیوں ردی پیش کر دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے دبے لفظوں میں کہا کہ ان کےجلسوں کی وجہ سےبنچ ٹوٹا، تحریک انصاف نے آج بھی عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، آج پھر غیر مصدقہ دستاویزات سامنے لائی گئیں۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ، عدالت اور سیاسی طور پر بھی ہمیشہ سچ بولا ہے جبکہ عمران خان جھوٹ کو سیاست میں استعمال کرتے ہیں۔