پاکستان
06 جنوری ، 2017

لودھراں حادثہ، ایک ہی گھر کے6 بچے، رکشہ ڈرائیور سپردِ خاک

لودھراں حادثہ، ایک ہی گھر کے6 بچے، رکشہ ڈرائیور سپردِ خاک

 

رجب علی...لودھراں میں چنگ چگی رکشہ کے ٹرین سے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 6 بچوں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا۔

ایک ہی خاندان کے جاں بحق 6 بچوں میں 2 بہن بھائی فہد اور مریم بھی شامل تھے، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ لودھراں کی بستی ممبر والا میں ادا کی گئی، جس میں اہل علاقہ نے شرکت کی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،بچوں اوررکشہ ڈرائیورکی تدفین کردی گئی ہے۔

آج صبح لودھراں میں ٹرین نے معصوم بچوں کےخواب کچل دیئے، موٹر سائیکل رکشہ کھلے پھاٹک سے گزر رہا تھا کہ ہزارہ ایکسپریس کی زد میں آ گیا، حادثے میں اسکول جانے والے 7طالب علم اور رکشہ ڈرائیور سمیت 8افراد لقمہ اجل بن گئے۔

لودھراں کے علاقے جلال پور میں موٹرسائیکل رکشہ میں 11 طالب علم اوررکشہ ڈرائیورسوار تھے، رکشہ ڈرائیورنے پھاٹک کھلا پایا تو ریلوے لائن پارکرنے کی کوشش کی، لیکن یہ زندگی اورموت کی لکیر تھی،چند سیکنڈوں میں رکشہ ہزارہ ایکسپریس کی زدمیں آگیا، خوفناک تصادم میں ٹرین رکشہ کو کھنچتے ہوئے دورتک لے گئی۔

حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں ریلوے حکام اور ڈسٹرکٹ سول انتظامیہ کے افسران شامل ہیں، حادثے کے بعد ٹریک کھول دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :