پاکستان
06 جنوری ، 2017

بھارت کی پاکستان میں مداخلت کا ڈوزئیر اقوام متحدہ میں جمع

بھارت کی پاکستان میں مداخلت کا ڈوزئیر اقوام متحدہ میں جمع

 

بھارت کی پاکستان میں مداخلت کا ڈوزئیر اقوام متحدہ میں جمع کرادیا گیا، ترجمانِ دفتر خارجہ کے مطابق ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے حوالے کردیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ کل بھوشن یادیو کا اعترافی بیان، بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد اور متعلقہ دستاویزات ڈوزیئر کا حصہ ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ سی پیک منصوبےکی جاسوسی کرنے والی بھارتی آبدوز کا ذکر، بھارتی آبدوز کے پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش کے ویڈیو ثبوت، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی مداخلت کےشواہد اور بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات بھارتی انٹیلی جنس افسران کے دہشت گردوں سے روابط بھی ڈوزیئر کا حصہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت اور اسے غیر مستحکم کرنے سےروکے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈوزیئر کے ساتھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی جمع کرایا گیا، جس میں بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کے بیان کے متعلق بتایا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سرتاج عزیز کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا،پاکستان ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی مداخلت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جو خطے کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہے، بھارتی اشتعال انگیزیاں اور بھارتی فوجی قیادت کے بیانات ناقابل برادشت ہیں، پاکستان امن چاہتا ہے، پاکستان علاقائی سالمیت کو پہنچنے والے ہر خطرے کا دفاع کرے گا۔

مزید خبریں :