09 جنوری ، 2017
مصر میں دو بچوں کی مبینہ منگنی نے سوشل میڈیا میں ہلچل مچادی، حکومت نے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق چند روز سے سوشل میڈیا پر مصر کے شہر القلیوبیہ کے رہائشی اسلام زہران کے گھر میں ہونے والی تقریب کا چرچا بڑے زور شور سے کیا جارہا ہے جس میں دوسری کلاس میں پڑھنے والا 7سالہ بچہ زین کی منگنی اس کے چاچا کی بیٹی 4 سالہ فریدہ سے کی گئی ہے۔
میڈیا پر نشر ہونے والی تصاویر میں زین، فریدہ کو انگھوٹی پہناتے اور کیک کاٹتے ہوئے دکھایا گیا جس پر کم سن جوڑے کے الفاظ تحریر تھے۔
بچے کے والد اسلام نے منگنی کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک خاندانی تقریب تھی جسے خاندان کے ایک نوجوان نے بڑھا چڑھاکر سوشل میڈیا پر نشر کردیا، تاہم مصر میں خواتین کے حقوق کی تنظیم نے اس واقعے پر شدید غم وغصہ کے اظہار کیاہے۔
مصری وزیر صحت وآبادی کی نائب وزیر ڈاکٹر مایسہ شوقی نے حکومت سے فوری مداخلت اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران مصری اٹارنی جنرل نبیل صادق نے اس واقعے کی فوری عدالتی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔