21 جنوری ، 2017
امریکی مسلمانوں نے امام مسجد کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے،امام محمد ماجد کا کہنا ہے کہ ایسے بڑے پلیٹ فارم پر اسلام کا پیغام پہنچانے کا موقع ضائع نہیں کیا جاسکتا۔
ورجینیا کے امام مسجد محمد ماجد کو صدارتی تقریب حلف برداری میں دیگر مذاہب کے 26 رہنماوں کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا۔
امریکی ٹی وی کے مطابق مسلمانوں کی جانب سے امام مسجد کی شرکت پر تنقید کی گئی، کیوں کہ ان کا موقف تھا کہ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے۔
امام ماجد نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں تقریب میں شرکت کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رہنماوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کا پیغام سب تک پہنچائیں اور تقریب حلف برداری اس کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم تھا۔