01 فروری ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کس کی سماعت جاری ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 7رکنی بینچ کر رہا ہے اور وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن دلائل دے رہے ہیں۔ عدالت نے این آر او عمل درآمد کیس میں وزیر اعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کررکھا ہے۔ اس سے قبل ہونے والی سماعت میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عدالت کے سامنے موٴقف اختیار کیا کہ صدر زرداری کے خلاف سوئس مقدمات کھولنے کیلئے اس لئے خط نہیں لکھا کیونکہ صدر کو آئین کے مطابق استثنیٰ حاصل ہے۔ وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے بھی یہی موقف اپناتے ہوئے کہا کہ صدر کو استثنیٰ حاصل ہے جب وہ صدر نہیں رہیں گے تو فیصلے پر عمل کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم یا حکومت کی جانب سے عدالت میں یہ موقف پہلی بار اپنایا گیا ہے کہ صدر کو استثنیٰ حاصل ہے۔ جس پر عدالت نے مزید سماعت یکم فروری تک ملتوی کرتے ہوئے اعتزاز احسن کو یہ ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر آئین کے آرٹیکل 248 پر ہی اپنے دلائل دیں جس کے مطابق وزیراعظم کا یہ موقف ہے کہ صدر کو استثنیٰ حاصل ہے جس وجہ سے سوئس اتھارٹی کو خط نہیں لکھا گیا اگر وہ یہ بات ثابت کرسکے تو نوٹس ختم کر دیں گے ورنہ کارروائی ہوگی۔