پاکستان
29 جون ، 2012

ہر ادارہ اپنی حدود میں رہے تو کسی کو مسئلہ نہیں ہوگا، وزیراعظم پرویز اشرف

ہر ادارہ اپنی حدود میں رہے تو کسی کو مسئلہ نہیں ہوگا، وزیراعظم پرویز اشرف

لاہور … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بطور چیف ایگزیکٹو تمام صوبوں میں قائم حکومتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتا ہوں، اداروں کے درمیان تصادم کی سیاست مسترد کرتے ہیں، ہر ادارہ اپنی حدود میں رہے تو مسئلہ نہیں ہوگا، اپوزیشن کو چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت کی دعوت دیتا ہوں، چیف الیکشن کمشنر کا تقرر آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلیے ضروری ہے، الیکشن کا میدان لگے گا تو پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف لاہور پہنچنے کے بعد گورنر ہاوٴس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے خصوصی استقبال پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس رویے سے جمہوریت کو تقویت ملے گی، پنجاب حکومت کا جذبہ سراہتا ہوں کہ انہوں نے میرے استقبال کیلئے ٹیم بھیجی، اپوزیشن مرکز میں بھی جمہوری انداز میں چلے، تصادم سے اجتناب کیا جائے تاکہ بیرونی دنیا کو مثبت پیغام ملے، پنجاب حکومت بھی اتنی ہی پیاری ہے جتنی سندھ یا دیگر صوبوں کی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ لوڈشیڈنگ کو کم سے کم کرسکیں، یہ بھی کوشش ہے کہ غیراعلانی لوڈشیڈنگ نہ ہو۔ راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، الیکشن کا میدان لگے گا تو پیپلزپارٹی ہی جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اپنی حدود میں کام کریں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچی تو یہ کسی کے حق میں نہ ہوگا، بطور چیف ایگزیکٹو تمام صوبوں میں قائم حکومتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتا ہوں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپوزیشن کو الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے ضروری ہے، اداروں کے درمیان تصادم کی سیاست مسترد کرتے ہیں۔

مزید خبریں :