02 جولائی ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے بلوچستان میں عوامی فلاح اور امن و امان کیلیے وفاق سے فنڈز کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بلوچستان سے لیویز میں 3 ہزار اہلکار بھرتی کیے جائیں گے جبکہ پولیس اور لیویز کو اسلحہ اور دیگر سامان دینے کے لیے دو ارب روپے جاری ہوں گے ۔ آغاز حقوق بلوچستان کا جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزیراعظم نے کہاکہ مالی مسائل کے باوجود بلوچستان میں عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے فنڈز دیں گے جب کہ ناراض بلوچ رہنماوٴں کو مذاکرات کی دعوت بھی دی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیاسی وجوہات کے باعث لڑائی ہورہی ہے تاہم روایتی جرائم بھی بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں شاہراہوں ، گیس اوربجلی کی تنصیبات کی حفاظت یقینی بنائی جائے اوراغواء برائے تاوان کو آہنی ہاتھوں روکا جائے۔ بلوچستان میں لیویز اور پولیس کو اسلحہ اور دیگر سامان فراہم کرنے کیلئے 2 ارب روپے دیے جائیں گے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے بلوچستان میں لیویز کے 3 ہزار اہلکار بھرتی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔