پاکستان
02 جولائی ، 2012

پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی نے8افراد کی جان لے لی

پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی نے8افراد کی جان لے لی

لاہور… پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈاکٹروں کی گرفتاریوں کے خلاف ینگ ڈاکٹروں نے احتجاجاً کام چھوڑا ہوا ہے جس کے باعث مزید تین مریض جاں بحق ہو گئے۔راولپنڈی کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹرز کے مبینہ عدم موجودگی کے باعث 13 سالہ لڑکا دم توڑ گیا،راولپنڈی کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں فوجی ڈاکٹرز کی مقررہ وقت تک ڈیوٹی کے بعد سویلین ڈاکٹرز کم تعداد میں نظر آئے، اسپتال ذرائع کے مطابق اس دوران تیز بخار میں مبتلا ایک لڑکے کو وہاں لایاگیا لیکن ڈیوٹی پر کوئی ڈاکٹر نہ تھا۔ کچھ دیر بعد لڑکے کو انجکشن لگایا گیا تو وہ دم توڑ گیا۔لاہور کے میو اسپتال میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا نصیر ولی چل بسا۔ ادھر فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں ایک خاتون طبی امداد نہ ملنے سے چل بسی۔ اس سے قبل رات بھر میں پانچ مریض طبی امداد نہ ملنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں ڈیڑھ سال کا فہد بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق بچے کی ہلاکت پر 8ڈاکٹروں کے خلاف قتل کا مقدمہ بچے کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔لاہورکے مختلف سرکاری اسپتالوں میں سینئرڈاکٹرزبھی ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مریضوں کو بے یارومددگار چھوڑگئے ہیں۔ انتظامی عہدیداروں کے علاوہ آرمی ڈاکٹرز اسپتالوں میں موجود ہیں۔ میواسپتال انتظامیہ کیمطابق روٹین میں اسپتال میں1400ڈاکٹرز ڈیوٹی دیتے ہیں،لیکن اس وقت 15کے قریب ڈاکٹرزموجودہیں،جن میں آرمی کے5۔ڈاکٹرزبھی شامل ہیں،اسپتال انتظامیہ نے تمام آپریشن ملتوی کر دیئے ہیں اورایمرجنسی کیلئے بھی سرجن ڈاکٹرزڈھونڈے جا رہے ہیں،،ایس پی سٹی لاہورنے کہاکہ پاک فوج سمیت ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں کو مکمل تحفظ دیا جا رہا ہے،پنجاب حکومت نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ غیر حاضر ڈاکٹروں کی برطرفی کا عمل شروع کیا جائے۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے لاہورکے ٹیچنگ اسپتپالوں میں پیڈ ہاوٴس جاب کے خواہش مند مردوخواتین ڈاکٹرزسے کہاہے کہ وہ فوری طور پر اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے رابطہ کریں اور اپنے ساتھ ایم بی بی ایس کی ڈگری،پی ایم ڈی سی کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور اپنی تصویر بھی لائیں، ادھرڈی سی او لاہور نور الامین مینگل نے جیو نیوز کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے غیر قانونی ہڑتال کرنے والے 33ڈاکٹروں کو 3ایم پی او کے تحت30دن کیلئے نظر بند کردیاہے۔ میو اسپتال میں بچے کی ہلاکت پر 2 ڈاکٹروں کے خلاف دفعہ302 کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا ہے جبکہ تمام زیرِحراست ڈاکٹروں کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر اٹک کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے رکن ڈاکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں ینگ ڈاکٹرز کے خلاف حکومت پنجاب کے اقدامات پر غورکے بعدسینئر ڈاکٹرز نے بھی ہڑتال کر دی۔

مزید خبریں :