02 جولائی ، 2012
پشاور … پشاور کے 3 تدریسی اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں کل سے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حیدرشاہ نے جیو نیوز کو بتا یا کہ کل 3 جولائی سے پشاور کے 3 تدریسی اسپتالوں لیڈی ریڈنگ ،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن احتجاج پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز او پی ڈیز میں کام نہیں کریں گے بلکہ او پی ڈیز کی بجائے اسپتال میں خیمے لگا کر مریضوں کا معائنہ کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق سروس اسٹرکچر کی بحالی ٹی ایم اوز کیلئے رہائشی پلاٹ اور لازمی سروس ایکٹ کا بائیکاٹ مطالبات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار صوبے میں توسیع کریں گے۔