پاکستان
02 جولائی ، 2012

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں ہماری طرف سے رکاوٹ نہیں،نثار

 چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں ہماری طرف سے رکاوٹ نہیں،نثار

اسلام آباد…قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے من پسند شخص کی چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تقرری کی کوشش کی تو ڈیڈ لاک پیدا ہو گا، قائد حزب اختلاف کے چیمبر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعدپینل تجویز کیا ہے اور اس میں تبدیلی بھی ان کی مشاورت سے کریں گے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں مسلم لیگ ن کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے،ہمارا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے اور پارلیمانی کمیٹی کو جو پینل دیا اس کے لئے جماعت اسلامی،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی،پی پی پی شیر پاوٴ گروپ،تحریک انصاف،نیشنل پارٹی اور سندھ نیشنل پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی ہے۔چودھری نثار نے کہا کہ پینل میں اتفاق رائے قائم کرنے کے لیے کسی قسم کی تبدیلی کا انحصار اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت پر ہو گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن لیڈر ذاتی طور پر کسی شخص کو اس عہدے کے لئے نامزد نہیں کرے گا اور اپوزیشن کی حمایت نہ رکھنے والے حکومت کے نامزد شخص کی بھی حمایت نہیں کریں گے، چودھری نثار نے کہا کہ اگر شفاف الیکشن کرانے ہوں تو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری فوری ہو سکتی ہے لیکن حکومت کی نیت صاف نظر نہیں آرہی، چودھری نثارنے کہا کہ عبوری حکومت کے قیام کے لئے بھی مسلم لیگ یہی طریقہ اختیار کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔

مزید خبریں :