پاکستان
02 جولائی ، 2012

بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کا کل سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کا کل سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

کوئٹہ … بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری اسپتالوں میں ایک دن کی ہڑتال کے بعد کل سے دوبارہ ڈیوٹیوں پر حاضر ہونے کا اعلان کردیا۔ آج صبح بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کردی تھیں، جس کے باعث او پی ڈیز میں دن بھر کام بند رہا۔ اس صورتحال کے بعد مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا تاہم آج سہ پہر ینگ ڈاکٹرز نے اچانک پینترا بدلا اور کل منگل سے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کے بائیکاٹ کے خاتمے اور کل سے ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا اعلان کردیا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر عالم مینگل کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صوبے کے عوام کی مشکلات کے پیش نظر کیا، تاہم صوبے میں پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی کے طور پر علامتی احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کیخلاف پنجاب حکومت کے ناروا سلوک کی مخالفت اور مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور مشکل کی گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی ختم اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں۔

مزید خبریں :