02 جولائی ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مون سون میں سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کی فوری تیاری اور باہمی رابطے بہتر بنائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون جولائی کے دوسرے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے اور اس سال معمول سے 15 فی صد زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔ وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی زیرصدارت وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت سینئر حکام کا اجلاس ہوا جس میں مون سون میں سیلاب سے بچاوٴ کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ماضی کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے اس سال وفاقی اور صوبائی اداروں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے باہمی معاونت کا مربوط نظام فوری طور پر قائم کرنا ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے اجلاس کو بتایا کیا کہ اس سال 5 سے 15 فیصد زائد بارشوں کی توقع ہے اور مون سون جولائی کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوجائے گا۔ وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اداروں کو فوری فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ محکمے کے پاس 30 ہزار ٹینٹ اور ضروری سامان کے علاوہ کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے 3 ہیلی کاپٹر بھی موجود ہیں۔