02 جولائی ، 2012
اسلام آباد … تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سیاسی مقدمات نہ کھولنے سے متعلق بیان پر چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے پنجاب حکومت کو ینگ ڈاکٹرز کا مسئلہ حل کرا نے میں معاونت کی پیشکش بھی کی ہے۔ پنجاب کے سابق صوبائی وزیر سعید قریشی کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خا ن کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب اگر سیاستدانوں کے مقدمات نہیں کھولیں گے تو ان کا کیا کام رہ جائے گا۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے بھی فصیح بخاری کے بیان پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ملک ریاض نے ن لیگ اور آصف زرداری کے درمیان مک مکا کرایا، دونوں جماعتیں تحریک انصاف سے خوفزدہ ہو کر اکٹھی ہوئی ہیں، میمو میں آصف زرداری کا نام آنے کے بعد نواز شریف پیچھے کیوں ہٹ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈاکٹرز کی ہڑتال درست نہیں تاہم حکومت پنجاب نے اس مسئلے کو بد انتظامی کا شکار کردیا۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ شیخ رشید نے انہیں 13 اگست کو راولپنڈی کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے اور وہ اس میں شرکت کریں گے۔