02 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق دونوں افراد کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ناظم آباد کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں مسلح افراد نے کے ای ایس سی کے دفتر میں فائرنگ کر کے یعقوب بلوچ کو شدید زخمی کردیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ رابطہ کرنے پر پولیس نے بتایا کہ مقتول کے ای ایس سی میں سینئر کارکن تھا جبکہ وہ بلوچستان نیشنل پارٹی کا بھی سرگرم رکن تھا، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ پی آئی بی کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 25سالہ نوجوان کو قتل کردیا۔ گلشن اقبال میں مقامی ریسٹورنٹ کے قریب مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے محمد علی سوسائٹی کے رہائشی 45سالہ بادشاہ خان کو زخمی کردیا جسے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ شاہد حیات نے جیو نیوز کو بتایا ملزمان نے گھات لگا کر فائرنگ کی، واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔