19 مارچ ، 2017
اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیے جانے والے پی پی رہنما شرجیل میمن کو رہا کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شرجیل میمن کے کاغذات دیکھ کر انہیں رہا کردیا گیا۔مکیش کمار چاولہ نے تصدیق کی ہے کہ شرجیل میمن کو رہا کردیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے جیونیوز سےخصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اپناموقف میڈیاکےسامنے پیش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وکلا سےمشاورت کے بعد اتوارکو میڈیاکےسامنےموقف پیش کروں گا۔
شرجیل میمن کو تقریباًڈھائی گھنٹےبعدرہاکیا گیا۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی کے رہنما کو دبئی سے وطن واپسی پر اسلام آباد ائر پورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا ۔سادہ لباس اہل کاروں نے طیارے سے باہر آتے ہی شرجیل میمن کوحراست میں لے لیا تھا۔ اس دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔
ذرائع کے مطابق نیب اہل کار وں نے شرجیل میمن کو حراست میں لیاتھا۔
شرجیل میمن کو نیب کرائم ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت 6 اہلکار ساتھ لے گئے ۔ ذرائع کے مطابق نیب کرائم ونگ کے اہلکار دو گاڑیوں میں ایئر پورٹ آئے تھے ۔
نیب ذرائع کا کہناتھا کہ شرجیل میمن کو گرفتار نہیں کیا گیا صرف پوچھ گچھ کے لیے لے جا یا گیا ۔شرجیل میمن نیب کراچی کومطلوب تھے۔نیب کراچی کی اطلاع پر نیب راولپنڈی نے کارروائی کی ۔
شرجیل میمن نے ضمانت کےکاغذات نیب حکام کو دکھائے،جن کی جانچ پڑتال اورتصدیق کے بعد انہیں رہائی ملی ۔
واضح رہے کہ شرجیل میمن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے 20 مارچ تک حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے ۔