06 جولائی ، 2012
انقرہ … شام کی فوج کے اہم جنرل مناف طلاس ملک سے فرار ہو کر ترکی پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ فرانس جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بریگیڈیئر جنرل مناف طلاس کے خاندانی ذارئع کے مطابق وہ شام چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ بریگیڈیئر مناف طلاس کا خاندان شامی حکمران خاندان سے خاصی قربت رکھتا ہے اور ان کے والد شام کے وزیر دفاع بھی رہ چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر جنرل مناف ترکی کے راستے پیرس جا رہے ہیں۔شام کی حکومت کی حامی ایک ویب سائٹ پر بھی بریگیڈیئر جنرل مناف کے فرار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ برطانوی اخبار گارجین نے گزشتہ ہفتے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ سعودی عرب کی حکومت نے امریکا اور یورپی ممالک کے مشورے کے بعد شام کے باغی فوجیوں کو باقاعدہ تنخواہ دینی شروع کر دی ہے۔ شام کے باغی فوجیوں کو تنخواہ دینے کا مقصد بشار الاسد کی حامی فوج میں دراڑیں ڈالناہے۔