06 جولائی ، 2012
اسلام آباد…صوبوں کی جانب سے انکار کے بعد وفاقی حکومت نے قومی کمیشن برائے انسانی ترقی(این سی ایچ ڈی)کو بحال کر دیا ہے اورملک میں چھ ہزار دو سو خواندگی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے این سی ایچ ڈی کی چیرپرسن نفیسہ شاہ نے کہا کہ اصولی طور پر یہ پروگرام صوبوں کو لینا چاہیے تھا لیکن انہوں نے اسے لینے سے انکار کردیا۔نفیسہ شاہ نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں خواندگی کی شرح 58 فیصد ہے جسے 2015 تک 86 فیصد تک لایا جائیگا۔ اگر حکومت پروگرام کو فنڈز فراہم کرے تو کمیشن 40 ہزار خواندگی مراکز کھول کر شرح خواندگی میں سالانہ 2.82 فیصد اضافہ کر سکتا ہے۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ این سی ایچ ڈی پروگرام کو مستقل کیا جائے،ملازمین کا سروس اسٹرکچر ریگولر کیا جائے اور اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔