07 جولائی ، 2012
طرابلس…لیبیا میں 42ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے،تما م پولنگ اسٹیشنز اپنے مقررہ وقت پر کھل گئے جہاں ووٹرز کی طویل قطاریں نظر آرہی ہیں جو اپنے ، اپنے اُمیدواروں کو ووٹ ڈالنے کے لئے بے تاب نظرآرہے ہیں۔یہ انتخابات جنرل نیشنل کانگریس کو منتخب کرنے کیلئے منعقد کروائے جارہے ہیں جوآئندہ حکومت سنبھالے گی۔کرنل قذافی کے 42سالہ دورِآمریت کے خاتمے کے بعد آج ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں دارالحکومت طرابلس سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون ساز اسمبلی(جنرل نیشنل کانگریس)کی 200نشستوں کے لیے 3700امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔امیدواروں کی اکثریت مذہبی رجحان رکھتی ہے۔انتخابات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے طرابلس سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ گزشتہ روز بن غازی میں پولنگ کا سامان لے جانے والے ایک ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی گئی جس سے الیکشن کمیٹی کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔واقعے کے بعد بن غازی کے 130پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت کے لیے 3000سے زائد سیکیورٹی اہل کار تعینات ہیں۔لیبیا میں عوام کی اکثریت انتخابات اور ملک میں جمہوریت کے قیام کے سلسلے میں پرجوش نظر آرہی ہے۔عبوری کونسل کے حکام کو امید ہے کہ انتخابات اور اس کے بعد انتقال اقتدار کا مرحلہ پر امن طور پر طے کر لیا جائے گا۔