07 جولائی ، 2012
لاہور … لاہور ہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی نے پنجاب کی تمام عدالتوں میں ہفتے کے دن کی چھٹی ختم کر دی اور کہاکہ آئندہ سے تمام عدالتیں ہفتہ میں چھ دن کام کریں گی۔لاہور ہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کااجلاس چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں ہوا،جس میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کافیصلہ کیاگیا،اِس سلسلہ میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہورہائیکورٹ سمیت اُس کے راولپنڈی ،ملتان اور بہاولپور بنچز،تمام ڈسٹرکٹ کورٹس /خصوصی عدالتیں اور ٹربیونلز بشمول بینکنگ کورٹس، لیبر کورٹس، انٹی کرپشن کورٹس ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں ،احتساب عدالتیں ،انسداد منشیات کی خصوصی عدالتیں ،بینک جرائم سے متعلق خصوصی عدالتیں ،اسپیشل جج سینٹرل ،کسٹمز و ٹیکسیشن، اینٹی اسمگلنگ ،چائلڈ پروٹیکشن ، ڈرگ کورٹس اور پنجاب کی صارف عدالتیں اب ہفتہ کے دن چھٹی نہیں کریں گی۔