07 جولائی ، 2012
پالی کیلے … پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے پالی کیلے میں شروع ہورہا ہے ، کپتان مصباح الحق کہتے ہیں ان کی ٹیم سخت محنت کر رہی ہے، سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ 3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دی تھی، جبکہ دوسرا ٹیسٹ بے جان وکٹ اور بارش کی وجہ سے ڈرا ہوگیا تھا،تیسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم نے پالے کیلے میں خوب پریکٹس کی۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ دوسرا ٹیسٹ خراب موسم کی وجہ سے ڈرا تو ہوا لیکن خوشی اس بات کی ہے کئی اہم بیٹسمین فارم میں آگئے ہیں، امید ہے کہ ٹیم بھرپور انداز میں کم بیک کرے گی۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم بھی بھرپور انداز میں ٹریننگ کررہی ہے۔ سری لنکا کپتان مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم پالی کیلے میں اچھی پرفارمنس دینے کے ساتھ ساتھ سیریز جیتنا چاہتی ہے۔ جبکہ پالے کیلے میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اگر بارش نے تیسرا ٹیسٹ بھی متاثر کیا تو پاکستان کیلئے سیریز بچانا مشکل ہوگا۔