07 جولائی ، 2012
پشاور … سیکریٹری داخلہ خیبر پختونخوا اعظم خان نے کہا ہے کہ وفاق کو متعدد بار تحریری طور پر ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ملک کی کسی دوسری جیل منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے مگر تاحال وفاق کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں سیکریٹری داخلہ اعظم خان نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی مختلف جیلوں میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے 800 قیدی موجود ہیں، مرکزی حکومت پر واضح کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا نے مرکز کے سینکڑوں قیدیوں کا بوجھ اٹھا رکھا ہے۔ وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے بھی سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلا نی سے ڈاکٹر شکیل کو ملک کی کسی دوسری جیل میں منتقل کرنے کے حوالے سے بات کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شکیل وفاقی حکومت کاقیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی تھی کہ ڈاکٹر شکیل کواڈیالہ جیل میں رکھا جائے مگر پنجاب حکومت نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ اڈیالہ جیل میں گنجائش نہیں ہے۔