17 مئی ، 2017
الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت میں عمران خان نے وکیل تبدیل کرلیا ، نئے وکیل نے عدالت سے جواب جمع کرانے کےلیے مہلت مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے جواب دائرکرنےکےلیے 29 مئی کو آخری مہلت دے دی۔
الیکشن کمیشن نےجہلم اور ساہیوال کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان اورحمزہ شہباز کو نوٹس جاری کیا تھا ، تاہم حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگ لی تھی۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نےضابطہ اخلاق کےمعاملے پرحکم امتناع جاری کررکھاہے۔
سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی ہے کہ پی ٹی آئی کو زیاہ کیسز میں الجھایا جائے۔حکومت پاناما کیس سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔حکومت جے آئی ٹی کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روک دیا ہے،انہوں نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان بھی کیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان توہین عدالت کیس میں کبھی پیش نہیں ہوئے وہ مجھ پر الزام لگارہے ہیں۔اگر میں ایک لفظ بھی جھوٹ بولوں تو اللہ مجھ سے ناراض ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے غیرملکیوں سے پیسے لے کر استعمال کیے ، غیرملکی فنڈنگ استعمال کرنے والی جماعتیں تحلیل کردی جاتی ہیں۔ان سے گزشتہ ڈھائی برس کا حساب مانگا جارہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان دہشت گردی کے مقدمے میں تین برس سے اشتہاری ہیں۔