07 جولائی ، 2012
کراچی…کراچی کے شہریوں کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی ہوگئی ہے جبکہ راولپنڈی ، اسلام آباد میں مرغی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے ۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے ترجمان معروف صدیقی نے جیو نیوز کو بتایا کہ گرمی کے موسم میں طلب کم ہونے اور رسد زائد کے باعث مرغی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ معروف صدیقی کے مطابق مرغی کا گوشت 10 روپے کمی کے بعد 235 روپے جبکہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 6 روپے کمی کے بعد 138 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری طرف جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں مرغی کے گوشت کی قیمت60 روپے بڑھ کر 350 روپے جبکہ زندہ مرغی کی قیمت 240 روپے تک ہوگئی ہے ۔