07 جولائی ، 2012
لاہور … وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی تاریخ نہیں دے سکتے، کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈشیڈنگ ہو۔ انہوں نے کہا شہبازشریف بھائی ہیں، انہیں ٹینٹ آفس سے اٹھا لاوٴں گا۔ لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری احمد مختار نے کہا کہ کم از کم سحری اور افطار کے وقت تو لوڈشیڈنگ بالکل نہیں ہونی چاہئے، سرکاری اور نجی اداروں سے واجبات ضرور لیں گے، نجی اداروں کے ذمے 166 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیت ٹھیک ہونی چاہئے، وہ وعدہ کرتے ہیں کہ بجلی کی قلت دور کردیں گے، قلت پوری ہوگی تو بجلی سستی کرنے کا سوچیں گے۔ چوہدری احمد مختار کا کہنا تھا کہ شہبازشریف ان کے بھائی ہیں اوران سے ہر وقت مذاکرات کیلئے تیار ہیں، جب شہباز شریف کے پاس جائیں گے تو انہیں ٹینٹ آفس سے اٹھا لائیں گے۔