02 فروری ، 2012
پشاور… درہ آدم خیل اور ایف آر جواکئی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے پانچ شدت پسند کمانڈرز کو ہلاک اور ان کے ٹھکانوں پر کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ خیبرایجنسی میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ اور بم برآمد ہوا، اور 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے درہ آدم خیل درہ آدم خیل میں شدت پسندوں کے اہم مرکز تورچپر میں آپریشن کرکے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، جبکہ ٹھکانے پر موجود شدت پسند کمانڈرز کاشا ، کاکا، بابو، فضل وہاب اور حیدرمولا فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگئے، جبکہ ایف آر جواکئی میں شدت پسندوں کے اہم مراکز مرچکے سر، زیتون مورچہ اور اسپین قبر سمیت مختلف اہم ٹھکانوں پر فورسز نے سرچ آپریشن کیا جہاں سے بھاری اسلحہ ، خودکش جیکٹیں اور بارودی سرنگیں برآمد ہوئیں۔ خیبرایجنسی میں لنڈی کوتل کے علاقے خوگا خیل میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 8مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا، سرچ آپریشن کے دوران ایک بم بھی برآمد ہوا جسے ناکارہ بنادیا گیا۔