08 جولائی ، 2012
پالی کیلے …پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بالرز کے نام رہاجہاں پہلے دن 13وکٹیں گرگئی۔پہلے دن کے اختتام تک سری لنکا پاکستان کے اسکور226کے جواب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 44رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔پاکستان جنید خان نے دو جبکہ عمرگل نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان اپنی پہلی اننگ میں بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث 226رنز بناکر آؤٹ ہوگیا۔ اسد شفیق 75 اور کپتان مصباح الحق 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پریرا نے4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پالی کیلے میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں سری لنکن کپتان جے وردنے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کے پہلے ہی سیشن میں سری لنکن بالرز نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات میں ڈال دیا، مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 35 کے اسکور پر گری، محمد حفیظ 22 اور توفیق عمر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ایک موقع پر صرف 56 کے مجموعی اسکور پر 4 ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ اظہر علی اور یونس خان بغیر کوئی رن بنائے آوٴٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں کپتان مصباالحق اور اسد شفیق نے قیمتی 85 رنز کا اضافہ کیا، مصباح الحق 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق سری لنکن بالرز کے سامنے مزاحمت پیش کرتے رہے لیکن دوسری جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 226 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسدشفیق 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پریرا نے 4 اور ہیراتھ نے3وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکا کی کارکردگی بھی کوئی اچھی نہیں رہی اور صرف 14رنز پر اس کی وکٹیں گر گئی۔دونوں وکٹیں جنید خان نے حاصل کیں جبکہ عمر گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 44بنائے تھے۔