31 مئی ، 2017
سیاسی و عسکری قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم شہریوں پر بھارتی فورسز کے تشدد کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان کشمیر یوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ،اس دوران اندرونی سلامتی اور مغربی ومشرقی سرحدی صورت حال پرتفصیلی غورکیا گیا ۔
قومی سلامتی کمیٹی نے اتفاق کیا کہ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی فول پروف اورمزیدموثر بنائی جائے گی ، آپریشن ردالفساد آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہےگا۔
ذرائع کا کہناہے قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کی جانب سے سرحدی کشیدگی بڑھانے اور مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل عام پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔
قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کےخلاف جاری آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اتفاق کیاگیاکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی مزیدموثربنانےکافیصلہ کیا ۔
مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دی اور یہ اتفاق رائے پایا گیاکہ پاکستان ہمسایوں سمیت خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ دوستانہ اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتاہے۔
اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات بھی کی اور آپریشن ردالفساد سمیت ملکی سلامتی کی صورت حال پر وزیراعظم کو بریف کیا۔