08 جولائی ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مہذب اور جمہوری پاکستان اسی وقت بنے گا جب اس ملک کو صحیح اورحقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جائے گا اور یہی وجہ ہے الطاف حسین سیاسی اور فلاحی کاموں کا درس دیتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی کاموں کے ساتھ فلاحی کاموں کی آمیزش نہ ہو تو پاکستان کو مہذب اور جمہوری پاکستان نہیں بنا یا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کی شام لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں رمضان المبارک میں زکوٰة ، فطرے کے حصول کیلئے منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جنرل ورکرز اجلاس میں کارکنان نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔ جنرل ورکرز اجلاس سے رکن رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب ، رابطہ کمیٹی کے رکن اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے چیف ٹرسٹی مصطفی کمال نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی ، محترمہ نسرین جلیل ، ڈاکٹر نصرت ، رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے علاوہ حق پرست وفاقی و صوبائی وزراء ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہاکہ رمضان المبار ک کی آمد آمد ہے اور ہر سال کی طرح آج بھی یہ پنڈال اس لئے سجایا گیا ہے کہ ہم رمضان کے مقدس مہینے میں جہاں دیگر فرائض ادا کرتے ہیں وہیں پر قائد تحریک الطاف حسین کی اس روایت کو بھی قائم رکھتے ہیں کہ خط افلاس سے نیچے جو غربت کے مارے ہیں جو مصیبت زدہ ہیں انہیں بھی ہم یاد رکھیں اور زکوٰة کی وصولیابی اور اس کی تقسیم کا ایک ایسا نظام وضع کریں کہ جس کے نتیجے میں صحیح اور حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست کا تصور اجاگر ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین اس بات کو سمجھتے ہیں کہ اس ملک کے مسائل کو حل کرنے اور بحران سے نکالنے میں کونسا صحیفہ کارگر ہوگا اور وہ کیا طریقہ اختیار کیاجائے جس سے پاکستان میں ایک صحیح اور حقیقی انقلاب آسکتا ہے ، ایک فلاحی ریاست کے قیام میں زکوة اور فطرہ کا بھی ایک ماڈل قائم کرنا ہوگا اور خدمت خلق فاؤنڈیشن یہ ماڈل قائم کرچکی ہے ۔ہم پاکستان کی سیاست اور معاشرت میں بھی ایک مستقل اور مکمل تبدیلی پیدا کرنا چاہتے ہیں اور اسی عمل کا نام الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ ایم کیوایم تبدیلی کی جانب رواں دواں ہیں اور اس تبدیلی کی بنیادقائد تحریک نے غریب ومتوسط طبقے کے نوجوانوں کو منتخب ایوانوں میں پہنچا کر بہت پہلے ہی ڈال دی تھی ، تبدیلی تو آچکی ہے اور اب ہم اپنی کامیابی کا جشن منانے کی تیاری کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ نظام کیلئے چیلنج اور سب سے بڑا خطر ہ ہے، ایم کیوایم کی ساری جدوجہد اور تاریخ آزمائشوں اور امتحانوں سے عبارت ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے اپنے اسلاف کی تاریخ کو زندہ رکھا ہے ۔رابطہ کمیٹی کے رکن و چیف ٹرسٹی خدمت خلق فاؤنڈیشن مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم الطاف حسین کے کارکن ہیں ہمیں ان کی نصیحتوں پر عمل کرنا ہے اور خدمت کی جو بنیاد رکھی اسے مضبوط کرکے تناور درخت بناناہے ۔ خدمت خلق قائد تحریک الطاف حسین کی زندگی کا مقصد ہے ، خدمت خلق فاؤنڈیشن کے توسط سے امدادی پروگرام کرکے ، ایمبولینس میتیں چلا کر ، اسپتال بنا کر یا قدرتی آفات کے موقع پر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کارکنان ، ایم این ے ، ایم پی اے اور مال و اسباب کے ساتھ امدادی سرگرمیاں کرنا ایم کیوایم کا نصب العین رہا ہے ۔دریں اثناء لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ہونیوالے جنر ل ورکرز اجلاس کے سلسلے میں حیدرآباد ، سکھر ، لاڑکانہ ، دادو ، میر پو رخاص ، نوابشاہ ، گھوٹکی ، سانگھڑ ، ٹنڈوالہ یار ، نو شہرو فیروز ، بدین ،جیکب آباد ، کشمور سمیت پنجاب میں لاہو ر ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، ملتان ، لو دھراں،، گلگت بلتستا ن ، آزاد کشمیر ، کوئٹہ ، نصیر آباد ، خیبر پختوانخوامیں بیک وقت اجتماعات منعقد ہوئے ۔ جنر ل ورکز اجلاس کے سلسلے میں پنڈال میں شرکا ء کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے شرکا ء کیلئے فرشی نشستوں کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ پنڈال کوایم کیوایم کے سہ رنگی پر چموں سے سجایا گیا تھا۔