08 جولائی ، 2012
اسلام آباد…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد لطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ڈاکٹر فاروق ستار نے واپڈا کی جانب سے کے ای ایس سی اور کراچی کو فراہم کر دہ 600میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی معطلی پر وزیر اعظم راجہ پر ویز اشرف کو ایم کیوایم کی تشویش سے آگاہ کیا۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعظم راجہ پر ویز اشرف سے ٹیلی فون پر گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اس مسئلے کے تاریخی ، قانونی تناظر میں وزارات پانی و بجلی کو یہ اختیار ہی نہیں کہ وہ کٹوتی کرسکے اور اس طرح کے غیر منصفانہ اور ناجائز اقدام کی ایم کیوایم نہ صرف مزاحمت کرے گی بلکہ اس پر شدید احتجاج کر تے ہوئے اس مسئلوں کو ہر سطح پر اٹھائے گی ۔ فاروق ستار نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حکومت کی قائم کردہ انرجی کمیٹی میں بھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا مگر وزارات بجلی و پانی اس طرح کا اگر کوئی قدم اٹھاتی ہے تو کراچی کی صورتحال جوپہلے ہی خراب ہے اس میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ اس موقع پر وزیرا عظم راجہ پر ویز اشرف نے فاروق ستار سے گفتگوکر تے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وزارت بجلی و پانی کی جانب سے کے ای ایس سی اور کراچی کو فراہم کر دہ 600میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی معطلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اسیا کوئی اقدام اٹھایا جائے گا جس سے عوام سر اپا احتجاج ہوں ۔ انہوں نے وزارات پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ ایسا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے جس سے کر اچی کے امن وامان کی صورتحال مزید خراب ہو جسے کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے ۔