09 جولائی ، 2012
راولپنڈی … راولپنڈی میں ہائی کورٹ بینچ نے ایفیڈرین کیمیکل کوٹہ کیس میں وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین سمیت 3 ملزموں کی عبوری ضمانت میں ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔ مخدوم شہاب الدین، سابق ڈی جی صحت ڈاکٹر رشید جمعہ اور ادویہ ساز کمپنی کے رضوان احمد کی عبوری ضمانت کیس کی سماعت ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ میں ہوئی۔ وکیل صفائی نے کہاکہ ایک ملزم عبدالستار سورانی کو وعدہ معاف گواہ نہ بننے پر جیل بھجوایا گیا ہے، اس کا ایفیڈرین کیس میں کوئی کردار نہیں ہے۔ اے این ایف کے وکیل نے کہاکہ عبدالستار کے مکان کا کرایہ ایک ملزم عنصر فاروق کی طرف سے چیک دے کر ادا کیا جاتا رہا، بعد میں عدالت نے مخدوم شہاب الدین، ڈاکٹر رشید جمعہ اور رضوان احمد کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔