دنیا
13 جون ، 2017

امریکی مسلمان اور پاکستانی مقامی سیاست میں بھر پور حصہ لیں، لارڈ نذیر

امریکی مسلمان اور پاکستانی مقامی سیاست میں بھر پور حصہ لیں، لارڈ نذیر

برطانیہ میں پہلے مسلم رکن آف برٹش ہائوس آف لارڈ،لارڈ نذیر احمد کا کہنا ہے کہ امریکامیں رہنے والے مسلمانوں اور پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ مقامی سیاست میں بھر پور طریقے سے حصہ لیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس (PSNT) کے سینئر نائب صدر اور معروف بزنس مین عابد حسین ملک کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناہے کہ امریکی مسلمان اپنی توانائیاں مقامی سوشل یا اسلامی تنظیموں یا پھر پاکستانی سیاسی پارٹیوں پر صرف کرنے کے بجائے مقامی سیاست پر ہی صرف کریں کیونکہ اس میں ہی ہمارے نسلوں کی بقاء اور ان کے لئے بڑے فوائد شامل ہیں۔

لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پاکستان اور مسلمان مقامی سیاست میں انتہائی متحرک ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی 14/15شخصیات ہائوس آف لارڈ کے رکن ہیں جبکہ دو روز قبل ہونے والے انتخابات میں 12مسلم جس میں اکثریت پاکستانیوں کی ہے برطانیہ کی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں جو کہ برطانیہ کی کمیونٹی کے متحرک ہونے کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس امریکا میں اب تک لوگ اپنے چکروں میں پھنسے ہوئے ہیں یا پھر وہ پاکستانی سیاسی پارٹیوں کا حصہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپ ان کا بھی حصہ ضرور بنیں مگر ساری توانائیاں وہاں صرف کر دینا درست عمل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ ڈیموکرٹیک یا رپبلکن پارٹی میں ریجنل سطح ر بھی حصہ لیتے ہیں تو وہ انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا اور میری نظر میں وہ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی یا وزیر ہونے سے زیادہ بہتر ہے۔

آپ سپر پاور ملک کے شہری ہیں اور آپ جب ویسٹرن جمہوریتوں کے اندر حصہ لیتے ہیں تو آپ اس کے ذریعہ نہ صرف مقامی کمیونٹی بلکہ اپنے ملک کیلئے بھی بہتر ثابت ہو سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہو رہی ہے کہ اس بار نوجوان لوگ آگے آئے اور انتخابات میں حصہ لیا، دعا گو ہوں کہ آئندہ جب کبھی آئوں گا تو آپ میں سے کوئی کانگریس یا سینٹ رکن بھی ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب میں لارڈ کے عہدہ پر پہلا مسلمان اور پاکستانی نامزد ہوا تو یہ میری والد کو مبارکباد دیتے ہوئے وہاں کے لوگوں نے پوچھا کہ پھپھی آپ کو پتا ہے کہ آپ کا بیٹا کیا بنا ہے جس پر میری والدہ نے کہا کہ میرے خیال میں نذیر تحصیلدار لگ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کو کیا معلوم کہ ان کا بیٹا آج اس جگہ ہے جہاں لارڈ مائونٹ بیٹن بیٹھتا تھا جس نے پاک و ہند کو آزادی دی، انہوں نے کہا کہ نئی نسل اس ضمن میں آگے آئے ۔

تقریب میں ایورمین سٹی کے میئر رے رچڈسن سمیت مقامی پاکستانی کمیونٹی اور کشمیری رہنمائوں سمیت مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر افطار ڈنر کے میزبان عابد ملک نے لارڈ نذیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا افطار ڈنر کی تقریب میں امیر علی روپانی،برکت بسریا،نعیم سکھا،ڈاکٹر ریاض،حیدر،سلمان بھوجانی،عابد بیگ،فرینڈ آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ اور دیگر نے شرکت کی۔

مزید خبریں :