پاکستان
09 جولائی ، 2012

لائیواسٹاک اور زرعی یونی ورسٹی پشاور میں مالی بدعنوانی کا انکشاف

پشاور…خیبر پختون خوا اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی نے محکمہ لائیواسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ اور زرعی یونی ورسٹی پشاور میں مالی بدعنوانی کا انکشاف کرتے ہوئے اس کے ذمہ دار سرکاری افسران سے 33ملین روپے سے زائد کی رقم وصول کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اسپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی کرامت اللہ چغر مٹی کی صدارت میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس ایبٹ آباد میں ہوا۔جس میں یہ انکشاف کیا گیا کہ محکمہ لائیو سٹاک اور زرعی یونی ورسٹی پشاور کے سرکاری افسران نے مویشیوں ،انکی خوراک ،ویکسین،ادویات ،فرنیچر ،جنریٹرز اور سائنسی آلات اور مشینری وغیرہ کی خریداری میں مالی بے قاعدگی کی۔ اور اس وجہ سے سرکاری خزانے کو33ملین روپیسے زیادہ کا نقصان پہنچا۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی نے ذمہ دارافسرو ں سے یہ رقم وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرانے اور ان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کا حکم دیاہے۔جب کہ کمیٹی نے اسی محکمے میں 33.892ملین روپے کے استعمال میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی ہدایت بھی کی۔

مزید خبریں :