10 جولائی ، 2012
میانوالی … میانوالی کے قریب دریائے سندھ میں پانی کی آمدمیں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،کئی مقامات پر دریا کے کٹاوٴ کی وجہ سے متعدددیہات کے دریا بْرد ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ چشمہ بیراج کے مقام پر آج دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2لاکھ 75ہزار کیوسک اور اخراج 2لاکھ 54ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ پانی کی آمدبڑھنے سے بیراج کے قریبی دیہات میں دریا کے کٹاوٴ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،جس کی وجہ سے اردگرد کے دیہات میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے ،کچہ گجرات،دو آبہ،علووالی اور ڈھنگانہ کے دیہات دریائے سندھ کے کٹاوٴسے زیادہ متاثرہو رہے ہیں،جہاں کے مکین خوف کے مارے راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبورہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں،ورنہ ان کی زمینیں اور مکانات دریا برد ہو جائیں گے۔