10 جولائی ، 2012
کراچی … صدر آصف علی زرداری نے بارشوں کے دوران ہر صورت میں لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنانے اور مانیٹرنگ سیل بنانے کی ہدایت کی ہے۔ بلاول ہاوٴس کراچی میں صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سندھ میں ممکنہ بارشوں اور سیلاب کے متعلق حکو متی اقدامات سے صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا۔ بلاول ہاوٴس کراچی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ صدر نے کہا کہ ممکنہ بارشوں کے متاثرہ افراد کے ریلیف کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جائے، اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صدر آصف زرداری نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مانیٹرنگ سیل بنانے کی ہدایت بھی کی۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے جو بارشوں کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار آباد شہر پاکستان کا جدید شہر بنے گا جو ملک کا معاشی خطہ بھی ہوگا، اس جدید شہر کے بننے سے ٹھٹھ، بدین اور قرب و جوار کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاوٴس میں ملاقات کے دوران کراچی سمیت صوبے میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے صدر سے گفتگو کی۔