10 جولائی ، 2012
کراچی … مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ توہین عدالت ترمیمی بل صرف چند افراد کو تحفظ دینے کیلئے ہے، میاں نواز شریف 19 جولائی کو کراچی آئیں گے، اس موقع پر میر منظور پنہور سمیت کئی اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے کہا کہ توہین عدالت ترمیمی بل صرف چند افراد کو تحفظ دینے کیلئے ہے، اس لئے مسلم لیگ ن اس بل کو نہیں مانتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں صرف اپنے مفادات کے تحفظ میں لگی ہیں، انہیں ملک وقوم کی فکر ہوتی تو یہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور کرپشن کے خلاف ضرور آواز اٹھاتے۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی موجود ہے لیکن متعلقہ افسران کی کرپشن کی وجہ سے سندھ کے کئی علاقوں میں عوام پینے کے پانی تک سے محروم ہیں اور زراعت تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جامشورو میں 4 مزدوروں کی ہلاکت اور دادو میں احتجاجی جلوس پر پولیس فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف حیدرآباد کے رہنما ریحان حنیف نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔