11 جولائی ، 2012
کراچی … تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی تباہی جمہوریت کی تباہی ہے، الیکشن لڑنے اور قانون سازی کا حق صرف پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کا ہے۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کرے گی تو سونامی مارچ ہوگا، سپریم کورٹ کی تباہی جمہوریت کی تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امریکا سے ملی ہوئی ہے اس کی مرضی کے بغیر ڈرون حملے نہیں ہوسکتے، عمران خان نے ڈرون حملوں کیخلاف 14 جولائی کو پشاور میں تاریخی مارچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ اینٹی امریکا نہیں ہوں، امریکی عوام کی اکثریت ہماری رائے کے ساتھ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ہم بھی غلط کہتے ہیں اور وہ بھی ۔ عمران خان نے فخرالدین جی ابراہیم کی بطور الیکشن کمشنر تعیناتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف یہ ایک کام اچھا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہئے لیکن انتخاب لڑنے اور قانون سازی کا حق صرف پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کا ہے ۔