پاکستان
07 اگست ، 2017

شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواستیں خارج

شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواستیں خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواستیں خارج کردیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) صفدر اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لئے دائر درخواستیں خارج کردیں۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ سپریم کورٹ نے مذکورہ افراد کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا اور ان کے ملک سے فرار کا خدشہ موجود ہے اس لئے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزاروں سے سوال کیا کہ عدالت کس قانون کے تحت نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے، یہ تو حکومت کی صوابدید ہے اور کیا آپ نے حکومتی ادارے سے رجوع کیا۔

عدالت نے مختصر سماعت کے بعد درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا جسے بعدازاں جسٹس عامر فاروق نے سناتے ہوئے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔

مزید خبریں :